Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورونا، ملک میں اموات 176 ہوگئیں

شائع 20 اپريل 2020 04:01pm

 

کورونا کے باعث ملک میں ہونیوالی اموات کی تعداد ایک سو چھیتر ہوگئی۔

کورونا وائرس پاکستان میں ایک دن میں مزید سترہ زندگیاں نگل گیا۔ ملک میں اموات کی تعداد ایک سو چھیتر تک جا پہنچی، خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ سڑسٹھ اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں چھپن اور پنجاب میں بیالیس افراد جاں بحق ہوچکے۔

ملک میں کورونا وائرس مقامی سطح پر تیزی سے پھیلنے لگا۔ لوکل ٹرانسمیٹڈ کیسز کی شرح پینسٹھ فیصد تک پہنچ گئی، ملک بھر میں آٹھ ہزار چار سو اٹھارہ مصدقہ کیسز سامنے آچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے اموات بڑھنے لگیں۔ آج بھی کورونا سترہ افراد کی جان لے گیا۔ اب تک سب سے زیادہ اموات خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں۔ جہاں سڑسٹھ افراد اب تک لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

دوسرے نمبر پر سندھ  میں اموات کی شرح زیادہ ہے۔ جہاں اب تک چھپن افراد کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں بیالیس اور بلوچستان میں پانچ افراد اب تک اس وبا سے اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں اب تک تین تین اموات ہوچکی ہیں۔

گزشتہ پانچ دنوں میں اموات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ پندرہ اپریل سے لے کر اب تک ستر افراد جاں بحق ہوئے۔ جو ایک الارمنگ سچویشن ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کہتے ہیں کہ کورونا کی مقامی منتقلی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا اگر شہریوں نے سماجی فاصلے کے اصولوں کو نہ اپنایا تو یہ وبا مزید پھیلے گی۔